پاناما کیس فیصلہ،سیکیورٹی ریڈ الرٹ،3ہزار اہلکار تعینات

اسلام آباد : پاناما کیس کے فیصلے کے موقع پر وفاقی دارالحکومت میں ریڈ الرٹ ہے، متعلقہ ادارے سیکیورٹی انتظامات سنبھال رہے ہیں، دوسری جانب پولیس کی بھاری نفری ریڈ زون پہنچ گئی ہے، رینجرز اور ایف سی کے دستے بھی سیکورٹی فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔ اسلام آباد پولیس نے سیکیورٹی کا خصوصی پلان تشکیل دے دیا ہے، جہاں اہم مقامات ریڈ زون اور سپریم کورٹ کے اطراف پولیس، رینجرز اور ایف سی کے 3 ہزار اہلکار تعینات ہیں۔

پاناما کیس کے فیصلے کے موقع پر اسلام آباد میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے، پارلیمنٹ ہاؤس، سپریم کورٹ اور دیگر اہم عمارتوں کی سیکیورٹی مزید سخت کرنے کے ساتھ اسلام آباد کے داخلی راستوں پر سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق غیر متعلقہ افراد کا ریڈ زون میں داخلہ ممنوع ہوگا، جب کہ میڈیا نمائندوں کو کوریج کے لیے خصوصی سیکیورٹی پاس جاری کیے جائیں گے۔

سپریم کورٹ کے گرد حفاظتی رکاوٹیں اورخاردار تاریں لگائی جائیں گی اور درخواست گزاروں کو اپنے ساتھ غیر متعلقہ افراد کو ساتھ لانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

سپریم کورٹ رجسٹرار کی جانب سے جاری پاسز کے بغیر کسی کو اندر جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ریڈ زون میں موجود دفاتر میں کام کرنے والے افراد دفتری ریکارڈ اپنے ساتھ رکھیں۔
فیض آباد، بارہ کہو، ترنول اور دیگر داخلی راستوں پر سخت چیکنگ ہوگی، ریڈ زون میں پولیس کے ہمراہ انتظامیہ کے افسران بھی تعینات ہوں گے۔ سماء