پاناما فیصلہ : کون کون سپریم کورٹ جائے گا؟
اسلام آباد : سپریم کورٹ پاکستان کرپشن کے سب سے بڑے اسکینڈل پاناما کیس کا فیصلہ سنانے جارہی ہے، کل کون کون عدالت عظمیٰ جائے گا، سیاسی جماعتوں نے اپنے قائدین کے ناموں کا اعلان کردیا، ن لیگی وزراء اور قائدین کے ساتھ ساتھ پیپلزپارٹی، جماعت اسلامی اور دیگر جماعتوں کے رہنماء عدالت عظمیٰ پہنچیں گے۔
سپریم کورٹ پاکستان کل (جمعہ کو) کرپشن کے سب سے بڑے پاناما لیکس کیس کا فیصلہ سنانے جارہی ہے، صبح ساڑھے 11 بجے فیصلہ سنایا جائے گا، اس موقع پر بڑی سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے خود سپریم کورٹ جانے کا فیصلہ کیا ہے، پیپلزپارٹی رہنماء نیئر حسین بخاری کی قیادت میں وفد کی صورت میں عدالت عظمیٰ جائیں گے، لطیف کھوسہ، قمر زمان کائرہ، ندیم افضل چن اور مصطفیٰ نواز کھوکھر شامل ہیں۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق، مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین دیگر سینئر رہنماؤں کے ہمراہ جبکہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے بھی پاناما فیصلہ سننے کیلئے سپریم کورٹ جانے کا اعلان کیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا سپریم کورٹ جانے کے حوالے سے تاحال کوئی فیصلہ نہ ہوسکا، انہوں نے اس حوالے سے پارٹی رہنماؤں سے مشاورت شروع کردی ہے، پی ٹی آئی سربراہ نے سینئر قیادت کو سپریم کورٹ جانے کا مشورہ دیا ہے۔
مسلم لیگ ن کے رہنماء اور وزراء بھی کل پاناما کیس کا فیصلہ سننے کیلئے سپریم کورٹ پہنچیں گے، تاہم ان میں کون کون شامل ہوگا ناموں کا اعلان فی الحال نہیں کیا گیا۔ سماء