عمران خان کا خیبرپختونخوا پولیس کی تنخواہیں بڑھانے، کوہستان نیشنل پارک بنانے کا اعلان
ویب ایڈیٹر
کوہستان : عمران خان نے خیبرپختونخوا پولیس کی تنخواہیں بڑھانے اور کوہستان میں نیشنل پارک بنانے کا اعلان کردیا، کہتے ہیں کہ درخت کاٹنے کا سلسلہ بند اور سیاحت میں اضافہ کریں گے، پاکستان میں تعلیم پر سب سے زیادہ خرچ کرنیوالی حکومت خیبرپختونخوا ہے، ہر بچے تک تعلیم پہنچائیں گے، 2015ء الیکشن کا سال ہے، بہت بڑی تبدیلیاں آنے والی ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کوہستان میں نیشنل پارک بنانے کا اعلان کیا، ان کا کہنا ہے کہ کوہستان سے درخت کاٹنے کا سلسلہ بند کروائیں گے، علاقے میں سیاحت کو فروغ دیں گے جس کے باعث ہر شخص کو لکڑیاں کاٹنے سے زیادہ آمدنی حاصل ہوگی، کوہستان میں پانی سے بجلی بنائی جاسکتی ہے۔
وہ بولے کہ پاکستان اسلام کے نام پر بنا، ہمیں تعلیم پر خاص توجہ دینی چاہئے، عدل و انصاف مدینہ کی ریاست کا بنیادی اصول تھا، ہر بچے کا حق ہے اس کو تعلیم ملے، یورپ میں امیر و غریب کا بچہ ساتھ پڑھتا ہے، سرکاری اسکولوں میں مفت تعلیم دی جاتی ہے، علم حاصل کرنا عبادت ہے، بچوں کو تعلیم نہ دینے والے ظلم کرتے ہیں، ہار نہیں مانوں گا، مایوسی گناہ ہے، سچ کی جیت ہوگی، آخری سانس تک بچوں کی تعلیم کیلئے سرگرم رہوں گا۔
عمران خان نے ایک بار پھر 2015ء کو انتخابات کا سال قرار دیا، یہ بھی کہا کہ بہت بڑی تبدیلی آنے والی ہے، حکمران عوام کا پیسہ چوری کرکے باہر لے گئے، کرپشن پر ہاتھ ڈال رہے ہیں، کے پی کے پولیس میں انقلابی تبدیلیاں لائیں گے، تھانوں میں جرگے بٹھائیں گے، کپتان نے خیبرپختونخوا پولیس کی تنخواہ بڑھانے کا بھی اعلان کردیا۔ سماء