ذوالفقار مرزا کی جان کو شدید خطرہ ہے، اہلیہ فہمیدہ مرزا
ویب ایڈیٹر :
کراچی : سابق اسپیکر قومی اسمبلی فہمیدہ مرزا کا کہنا ہے کہ بدین میں پولیس ایک خاص گروپ کوہراساں کررہی ہے، چیف جسٹس پولیس کےسیاسی ہونےکانوٹس لیں، انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کی جان کو شدید خطرہ ہے، کسی بھی وقت کچھ بھی ہوسکتا ہے۔
کراچی میں اپنی رہائش پر پریس کانفرس اور میڈیا سے گفت گو میں سابق اسپیکر قومی اسمبلی فہمیدہ مرزا کا کہنا تھا کہ ذوالفقار مرزا کی سیکیورٹی سے متعلق تشویش ہے،ان کی جان کو خطرہ ہے، بدین میں ایسے پولیس افسران بھیجے جائیں جو سیاسی نہ ہوں، سندھ بھر کی پولیس کو بدین میں تعینات کیا گیا ہے،انہوں نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بدین میں غیر سیاسی پولیس اہل کار تعینات کیے جائیں، سندھ کی تمام پولیس سیاسی بنی ہوئی ہے۔
فہمیدہ مرزا کا کہنا تھا کہ ذوالفقار مرزا پر انسداد دہشت گردی کے تحت کیسز بنائے گئے ہیں، اس طرح کا ماحول بنایا جا رہا ہے، جس کے اثرات صرف سندھ تک محدود نہیں رہیں گے۔ فہمیدہ مرزا نے کہا کہ پولیس میں سیاسی مداخلت واضح نظر آرہی ہے، بدین میں ایسے نمائندوں کو بھیجا جا رہا ہے جو مخصوص سیاسی جماعت کی نمائندگی کر رہےہیں، بدین میں میری رہائش گاہ کے باہر سولہ سے سترہ پولیس موبائلز کھڑی ہوئی ہیں، جیسے وہاں کوئی مطلوب دہشت گرد یا آپریشن ہو رہا ہو،
انہوں نے کہا کہ ضمانت تمام دفاتر میں بھجوائی گئی بدین میں پھر پولیس کی نفری پہنچ گئی، ہماری جدوجہد جمہوریت کےلیے ہے،ہمیں خطرہ ہے کہ موجودہ صورت حال سے بہت سے لوگوں کا نقصان ہوگا، آئی جی سندھ سے کہا کہ اتنی پولیس موبائل میرے گھر کے باہرکیوں کھڑی ہیں؟ آئی جی سندھ نے کوئی جواب نہیں دیا، سندھ ہائی کورٹ کےاحکامات کے باوجود پولیس موبائل گھرکے باہرکھڑی ہیں، سندھ پولیس سیاست زدہ ہے، بدین میں چھاپوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتی ہوں، تاہم ہم گھبرانے والے نہیں، بدين جيسے حالات1997ميں بھی ديکھے ہیں، ہمیں کوئی اپنے ارادے سے پیچھے نہیں کرسکتا۔ سماء