آسٹریلیا کا پاکستان کیلئے 1 کروڑ 99 لاکھ ڈالر امداد کا اعلان
اسٹاف رپورٹ
اسلام آباد : آسٹریلوی وزیر خارجہ جولی بشپ کی مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے ملاقات ہوئی، انہوں نے پاکستان کے سرحدی علاقوں کی بہتری اور سرمایہ کاری کیلئے ایک کروڑ 99 لاکھ آسٹریلوی ڈالر امداد کا اعلان کیا، داعش کو عالمی امن کیلئے خطرہ بھی قرار دے دیا۔
آسٹریلوی وزیر خارجہ جولی بشپ نے مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے ملاقات میں پاکستان کیلئے ایک کروڑ 99 لاکھ آسٹریلین ڈالر امداد کا اعلان کیا، امداد سرحدی علاقوں کی بہتری اور سرمایہ کاری کیلئے دی گئی ہے، ایک کروڑ ڈالر سرحدی علاقوں کے انفراسٹرکچر کی بحالی پر خرچ ہوں گے۔
مشترکہ نیوز کانفرنس میں سرتاج عزیز نے دوںوں ملکوں کے درمیان عوامی رابطوں کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا، انہوں نے کہا کہ تجارتی اور معاشی روابط کی مضبوطی پر اتفاق ہوگیا، لائیو اسٹاک اور واٹر ریسورس مینجمنٹ کے شعبوں میں مل کر کام کریں گے۔
آسٹریلوی وزیر خارجہ نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں تعاون کا یقین دلایا، انہوں نے کہا کہ داعش اور ایسی دیگر تنظیمیں عالمی امن کیلئے خطرہ ہیں۔، آسٹریلیا بھی دہشت گردی کے خطرے سے محفوظ نہیں، شام اور عراق میں دہشت گرد تنظیمیں کام کررہی ہیں، رپورٹ کے مطابق 100 سے زائد افراد آسڑیلیا سے شام اور عراق کے دہشت گردوں کی مدد کیلئے گئے۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹرین کے دو طرفہ دوروں سے باہمی تعلقات کو فروغ ملے گا، بارڈر مینجمنٹ کیلئے پاکستان اور افغانستان کو مل کر کام کرنا ہوگا، جولی بشپ نے پاکستان اور بھارت کو مسئلہ کشمیر باہمی طور پر حل کرنے کا مشورہ دیا۔ سماء