کراچی میں گرفتار ملزمان کی سیاسی وابستگی ظاہر کرنے پر پابندی
اسٹاف رپورٹ
کراچی : وزيراعلیٰ سندھ نے گرفتار ملزمان کی سياسی وابستگی ظاہر کرنے پر پابندی لگا دی، پوليس افسران آئی جی کی اجازت کے بغير نیوز کانفرنس بھی نہيں کرسکيں گے۔
کراچی ميں پوليس کی تابڑ توڑ کارروائيوں ميں ملزمان کی گرفتارياں اور افسران کی پريس کانفرنسز میں ملزمان کی سياسی وابستگی ظاہر کرنے کا سلسلہ جاری تھا لیکن اب ايسا نہيں ہوگا۔
وزيراعلیٰ سندھ نے ملزمان کی سياسی وابستگی ظاہر کرنے پر پابندی لگادی، سید قائم علی شاہ نے حکم نامہ بھی جاری کرديا، جس کے مطابق پوليس افسران پريس کانفرنس ميں ملزمان کا صرف کريمنل ريکارڈ ہی بتاسکتے ہيں۔
سائیں کے نئے حکم نامے کے تحت ڈی آئی جی، ایس ایس پی اور ایس پی رينک کے افسران کو پريس کانفرنس کرنے سے پہلے پيشگی اجازت لينا بھی لازمی ہوگا۔
وزیراعلیٰ سندھ کے حکم نامے کے مطابق پوليس افسران کو پريس کانفرنس کی پيشگی اجازت آئی جی سندھ سے لينا ہوگی۔ سماء