گلگت: ہیلی کاپٹر گرکر تباہ، غیر ملکی سفیروں سمیت 7 افراد جان سے گئے

اسٹاف رپورٹ

اسلام آباد :  گلگت میں غیر ملکی سفیروں کو  وادی نلتر لے  جانے والا ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا، حادثے میں  ناروے اور فلپائن کے سفیروں سمیت  سات  مسافر  جان سے گئے، حادثے میں  پاک فوج کے 2 ر پائلٹس اور  چیف ٹیکنیشن بھی شہید ہوئے،  صدر مملکت، وزیراعظم سمیت سیاسی رہنماؤں نے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے، میاں نواز شریف گلگت میں اترے بغیر واپس اسلام آباد آگئے۔

وزیراعظم نواز شریف نے نلتر چیئر لفٹ کے افتتاح کے موقع پر 50 ممالک کے سفیروں اور ان کے اہل خانہ کو نلتر میں ظہرانے کی دعوت دی تھی، سفیروں اور اہل خانہ کو جمعہ کی صبح اسلام آباد سے جہاز کے ذریعے گلگت پہنچایا گیا، گلگت ایئرپورٹ سے آرمی ایوی ایشن کے 3 ہیلی کاپٹروں کے ذریعے مہمانوں کو نلتر لے جایا جارہا تھا کہ ایک ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوگیا۔

ذرائع کے مطابق تباہ ہونے والے ہیلی کاپٹر میں 20 افراد سوار تھے، فلپائن کے سفیر، ان کی اہلیہ، ناروے کے سفیر جب کہ ملائشیا اور انڈونیشیا کے سفیروں کی بیگمات جاں بحق ہوئیں، طیارے کے پائلٹ   میجر التمش اور میجر فیصل سمیت  چیف ٹیکنیشن بھی اندوہناک حادثے میں شہید ہوگئے۔

واقعہ میں لبنان، رومانیا، جنوبی افریقا، پولینڈ، انڈونیشیا، ملائشیا اور ہالینڈ کے سفیروں سمیت 13 افراد زخمی  ہوئے، جنہیں سی ایم ایچ گلگت  منتقل کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق پہلے سے لینڈ کرنیوالے غیر ملکی مسافروں نے ہیلی کاپٹر پر واپس آنے سے انکار کردیا، وی آئی پی مہمانوں کی واپسی کیلئے بائی روڈ انتطامات کئے جارہے ہیں۔

افسوسناک حادثے پر صدر ممنون حسین، وزیراعظم نواز شریف، وزیر داخلہ چوہدری نثار، تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور متحدہ کے قائد الطاف حسین سمیت سیاسی رہنماؤں نے حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نواز شریف گلگت میں اترے بغیر واپس اسلام آباد روانہ ہوگئے، انہوں نے ہیلی کاپٹر حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ سماء

rent

پاک فوج

Tabool ads will show in this div