سانحہ نلتر، ڈی این اے ٹیسٹ کے بعد میتیں روانہ کی جائیں گی، آئی ایس پی آر
ویب ایڈیٹر:
راولپنڈٰی: ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق سانحہ نلتر میں جاں بحق ساتوں افراد کی میتیں سی ایم ایچ راولپنڈی پہنچا دی گئی ہیں جہاں ان کے ڈی این اے ٹیسٹ کئے جائیں گے۔ ڈی این اے ٹیسٹ مکمل ہوتے ہی میتیں متعلقہ ملکوں کو روانہ کردی جائیں گی۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق ڈی این اے ٹیسٹ ہونے کے بعد شہید ہونے والے پاک فوج کے پائلٹ میجر التمش ریاض کی میت کوہاٹ جبکہ میجر وسیم فیصل کی میت صوابی روانہ کی جائے گی۔ چیف ٹیکنیشن نائب صوبیدار ذاکر کی میت بھی آبائی علاقے بھیجی جائے گی۔ گزشتہ روز تینوں شہدا کی اجتماعی نماز جنازہ راولپنڈی کے نور خان ایئربیس پر ادا کی گئی تھی۔ جس میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے بھی شرکت کی تھی۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والے ناروے اور فلپائن کے سفیروں جبکہ انڈونیشیا و ملائیشیا کے سفیروں کی بیگمات کی میتیں خصوصی طیاروں کے ذریعے ان کے ملک بھجوائی جائیں گی۔ جس کیلئے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اپنے پیاروں کے جسد خاکی لیجانے کیلئے فلپائن کے نائب وزیر خارجہ، فلپانی سفیر کی بیوہ اور بیٹا، ناروے کے سفیر کی بیوہ اور انڈونیشیا کے اعلیٰ سطح کے وفد کی آج اسلام آباد آمد متوقع ہے جس کے بعد ان کے مشورے سے میتیں پورے اعزاز کے ساتھ ان کے ملک بھجوائی جائیں گی۔
وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر میتوں کے ہمراہ وفاقی وزیر عبدالقادر بلوچ ناروے، وزیر تجارت خرم دستگیر فلپائن جبکہ وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال ملائیشیا اور انڈونیشیا جائیں گے۔ سماء