پاکستان اور افغانستان کا دہشت گردی کیخلاف مشترکہ کوششوں کا عزم
ویب ایڈیٹر
کابل : پاکستان اور افغانستان کو دہشتگردی نے نقصان پہنچایا، پاکستانی وزیراعظم اور افغان صدر نے مل کر تخریب کاری کے خاتمے کا عزم کرلیا۔ نواز شریف کہتے ہیں دہشت گردوں کی خفیہ پناہ گاہوں کا خاتمہ کردیا جائے گا، عدم مداخلت کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہیں۔ اشرف غنی کا کنہا ہے کہ امن کیلئے دونوں ملکوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
وزیراعظم نواز شریف، آرمی چیف جنرل راحیل شریف سمیت پاکستانی وفد آج افغانستان کے دورے پر پہنچا، صدارتی محل آمد پر افغان فوج انہیں گارڈ آف آنر دیا۔
پاکستانی وزیراعظم نواز شریف اور افغان صدر اشرف غنی نے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کی۔
اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ افغانستان آکر ہمیشہ خوشی ہوتی ہے، یقین ہے ملکر دہشت گردی کا جڑ سے خاتمہ کریں گے، دونوں ملکوں نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے، دہشت گردوں کی خفیہ پناہ گاہوں کا خاتمہ کردیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان کے دشمن کبھی پاکستان کے دوست نہیں ہوسکتے، دہشت گردی کے خاتمے کے بغیر پائیدار امن ممکن نہیں، عدم مداخلت کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہیں، ہر مشکل کی گھڑی میں افغانستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
افغان صدر اشرف غنی مشترکہ پریس کانفرنس میں بولے کہ دہشت گردی نے پاکستان اور افغانستان کو نقصان پہنچایا، پاکستان اور افغانستان کا مستقبل روشن ہے، امن کیلئے دونوں ملکوں کو ملکر کام کرنا ہوگا۔
وہ کہتے ہیں کہ پاکستان اور افغانستان کو ایک جیسے خطرات کا سامنا ہے، مشترکہ خطرات کا ہمیں ملکر مقابلہ کرنا ہوگا۔ سماء