بس پر دہشت گردی، صدر مملکت سمیت سیاسی و مذہبی رہنماؤں کا اظہار مذمت
ویب ایڈیٹر
کراچی : صدر ممنون حسین، سابق صدر آصف زرداری، عمران خان، الطاف حسین، وزیر دفاع خواجہ آصف سمیت دیگر رہنماؤں نے کراچی میں دہشت گردی کے بدترین واقعے پر اظہار مذمت اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔
صدر ممنون حسین نے کراچی میں بس پر دہشت گرد حملے کے نتیجے میں 43 افراد کی ہلاکت اور متعدد کے زخمی ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی حکومت کو زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
واقعے پر اظہار مذمت کرتے ہوئے ان کا کہنا ہے کہ ایسے واقعات سے دہشت گردی کیخلاف عزم کمزور نہیں کیا جاسکتا۔
پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے بس پر فائرنگ کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا ہے، وہ کہتے ہیں کہ صوبائی حکومت فوری کارروائی کرکے دہشت گردوں کو گرفتار کرے، سفاک دہشت گرد قانون اور سزا سے بچ نہیں سکتے، زخمیوں کی زندگیاں بچانے کیلئے بھرپور اقدامات کئے جائیں۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کراچی میں بس پر فائرنگ پر مذمت کی ہے، ان کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں سے سختی سے نمٹا جائے گا، جاں بحق افراد کے لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔
قائد ایم کیو ایم الطاف حسین نے بھی اسماعیلی کمیونٹی کی بس پر فائرنگ کی مذمت اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا ہے۔
ایم کیو ایم رہنماء حیدر عباس رضوی نے کہا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ انتہائی تکلیف دہ ہے، مجرموں کو گرفتار کرکے سخت سزا دی جائے، ضرب عضب کا دائرہ کار ملک بھر میں پھیلایا جائے۔
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے بھی کراچی میں دہشت گردی کے بدترین واقعے پر اظہار مذمت کرتے ہوئے متاثرین سے گہری ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے ایک بیان میں کراچی میں بس پر فائرنگ کی مذمت کی ہے۔ سماء