پنجاب،خیبرپختونخوامیں بارش،بلوچستان میں بھی شدیدبارش کاامکان
اسلام آباد : صرف کراچی ہی نہیں پنجاب ، خیبر پختونخوا اور کشمیر میں بھی بادل جم کر برسے، میٹ آف کے بعد بلوچستان میں بھی موسلادھار بارش کا قوی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ترجمان محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، نواب شاہ، حب اور آزاد کشمیر میں بارش نے موسم کو سہانا بنا دیا، جب کہ آج بھی لاہور، گوجرانوالہ، اسلام آباد راول پنڈی، فاٹا کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کے روز تک کراچی ، حیدرآباد اور میرپورخاص میں اکثر مقامات پر تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
ہفتہ سے منگل کے دوران بلوچستان کے علاقوں ژوب، سبی، نصیرآباد، قلات، مکران ڈویژن میں اکثر مقامات پر تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
اس دوران چند مقامات پرموسلا دھار بارش کا بھی امکان ہے۔ شدید بارش کے باعث دریاؤں اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
آج سے بدھ کے دوران بالائی پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اورکشمیر میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
بارشوں کے باعث مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی بتایا جارہا ہے۔ سماء