بلوچستان میں فورسز کی کارروائیاں، 7 شرپسند ہلاک

اسٹاف رپورٹ

کوئٹہ : بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز نے کالعدم تنظیموں کے 7 شرپسندوں کو ہلاک کردیا، فائرنگ کے تبادلے میں 3 ایف سی اہلکار بھی زخمی ہوگئے۔

قلات اور مستونگ کے پہاڑی علاقوں جوہان، اسپلنجی اور ہربوئی میں فورسز نے کالعدم تنظیموں کے کیمپوں کی موجودگی پر سرچ آپریشن کیا، کارروائی میں 400 سے زائد اہلکاروں نے حصہ لیا، جنہیں ہیلی کاپٹرز کی مدد بھی حاصل تھی، کئی گھنٹے تک فائرنگ کے تبادلے میں 4 شرپسند ہلاک جبکہ 3 ایف سی اہلکار زخمی ہوئے، اہلکاروں کو سی ایم ایچ کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔

ایف سی ترجمان کے مطابق شرپسندوں کے 3 کیمپ اور بارود سے بھری گاڑی تباہ کردی گئی، 12 کلاشنکوف، 250 کلو گرام بارود اور 30 دستی بم بھی برآمد کئے گئے۔

ترجمان کے مطابق ہلاک شرپسند سیندک پراجیکٹ کے آئل ٹینکر، سیکیورٹی فورسز پر حملوں اور دہشتگردی کی کارروائیوں میں مطلوب تھے۔

پنجگور کے علاقے تسپ میں بھی سیکیورٹی فورسز کے فائرنگ کے تبادلے میں 3 شرپسند مارے گئے، ملزمان کے قبضے سے 2 کلاشنکوف اور 2 دستی بم برآمد ہوئے۔

ایف سی ترجمان کے مطابق گوادر کے علاقے اورماڑہ سے بھی کالعدم تنظیم کے 2 دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ سماء

pipeline

بلوچستان

Tabool ads will show in this div