پاکستان ایئر فورس کی مالی ضروریات سے متعلق امور کا جائزہ اجلاس

اسلام آباد : اسحاق ڈار کی زیر صدارت پاکستان ایئر فورس کی مالی ضروریات سے متعلق امور کا جائزہ اجلاس ہوا، جس میں پاک فضائیہ کے جاری اور نئے منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت پاکستان ایئرفورس کی مالی ضروریات سے متعلق امور کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس ہوا، جس میں وائس چیف آف ایئر اسٹاف ایئر مارشل اسد لودھی، سیکریٹری خزانہ کے علاوہ وزارت خزانہ اور پاکستان ایئر فورس کے سینئر حکام بھی اجلاس میں شریک تھے۔
اجلاس میں وائس چیف آف ایئر اسٹاف ایئر مارشل اسد لودھی نے وفاقی وزیر کو پاک فضائیہ کے جاری اور نئے منصوبوں کے مالی پہلوﺅں کے بارے میں بریفنگ دی، انہوں نے ان منصوبوں پر عملدرآمد کے شیڈول سے بھی آگاہ کیا۔
وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت پاک فضائیہ سمیت مسلح افواج کو ملک اور قوم کے دفاع و سلامتی سے متعلق ذمہ داریاں نبھانے کیلئے وسائل کی فراہمی کو بڑی ترجیح دیتی ہے، انہوں نے آپریشن ضرب عضب اور ردالفساد میں پاک فضائیہ کے کردار کو سراہا اور کہا کہ ان آپریشنز میں اہم کامیابیاں ملی ہیں، حکومت اور قوم دہشتگردی کیخلاف جنگ میں مسلح افواج کی مکمل حمایت کرتی ہے۔
اسحاق ڈار بولے کہ ملک میں سیکیورٹی کی بہتر صورتحال سے بین الاقوامی کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کو پاکستان میں کاروبار کے مواقع تلاش کرنے کی ترغیب ملی ہے جو ملک کی اقتصادی بہتری کیلئے بہت اہم ہے۔ سماء