ویمن کرکٹ کی تباہ حالی
تحریر: اکرم چوہان
آئی سی سی ویمن کرکٹ ورلڈ کپ کامیلہ انگلینڈ میں جاری ہے لیکن پاکستان کرکٹ ٹیم کا ریٹرن ٹکٹ کنفرم ، جو پرفارمنس ٹیم نے دی، نہ مل سکے گی اسکی نظیر، کپتان تھیں پاکستان ٹیم کی ثنا می۔ بڑے بڑے دعوے بہتری کے ، سارے بھرم ہوئے ختم ، پاکستان کو مسلسل چھ میچز میں شکست ہوئی۔۔ سب نےجی بھرکرکی پاکستانی بولرز کی پٹائی، بلے بازوں نے منہ کی کھائی ، اب مستقبل کی باتیں پھر ہونگی ، طویل میعاد کی پلاننگ کاذکرکرکےاپنی نوکری مزیدپکی کرنےکابندوبست کیا جائےگا۔ پاکستان ٹیم نےایونٹ کےمیچزمیں کیا کارنامےسرانجام دیئے، آئیے اس کا جائزہ لیتے ہیں۔
پاکستان ٹیم پہلےمقابلےکےلئے پروٹیز کےخلاف میدان میں اتری،دوسوچھ رنزجوڑے، میچ ختم ہونےسےصرف دواوورزپہلےتک پاکستان کاپلڑہ بھاری تھا،لیکن فنشنگ ٹچ نہ دے سکے، سولہ رنزایک ہی اوورمیں بن گئے، کیچ ڈراپ الگ ہوا ۔جیتی ہوئی بازی پاکستان نےہاری،بس یہیں سےہی سب الٹاہونا شروع ہوا، پھرفتح کی دیوی پاکستان ٹیم سے ایسی روٹھی کہ مان کر ہی نہ دی ۔
دوسرے معرکےمیں انگلینڈ کی ٹیم نےجی بھرکردھویا،تین سوستتررنزکاپہاڑکھڑا کردیا،اس پہاڑ کی چوٹی سر کرنے میں تو پاکستان ٹیم کیا کامیاب ہوتی ، سفر کی ابتدامیں ہی کڑیوں کا سانس پھول گیا۔ تین وکٹوں پر ایک سو سات رنز اسکورکیے تھے، تیسواں اوور جاری تھا ، پاکستان ٹیم کی جیت کا دور دور تک کوئی امکان نہ تھا ، ایسے میں بارش نے انٹری دی اور ڈک ورتھ لوئیس میتھڈ کے تحت انگلینڈ کو کامیاب قراردےدیاگیا۔
پھرٹکراؤ ہواروا یتی حریف بھارت سے ، ایک سو انہتتر رنز پر ان کو محدود کیا ، پاکستان کیمپ میں خوشیوں نے ڈیرے ڈالے لیکن جلد ہی یہ سماں تبدیل ہوگیا ، بولرز کے کئے کرائے پر بلےبازوں نے ایسا پانی پھیرا ،ایسی پرفارمنس دی کہ جیت کا خواب ہی دھندلاگیا ۔ ایسی بھیانک تعبیر نکلی کہ کلیجہ منہ کو آگیا ،پوری ٹیم 74رنزپرڈھیرہوئی ،نوبلے بازڈبل فیگرزمیں بھی نہ جاسکے، تین میچوں میں اوپر تلے شکست ، پاکستان ٹیم کا ایونٹ میں آگے بڑھنا مشکل ترین ہوا ۔
چوتھےمیچ میں مائٹی آسٹریلنز کے سامنے بولرز بھیگی بلی بن گئیں ، انہوں نے دو سو نوے رنز اسکور بورڈ پرسجادیے، پاکستان ٹیم حریف کے سامنے بے بسی کی تصویر دکھائی دی ، دو سو اکانوے رنزکے تعاقب میں ایک سو اکتتیس رنز پر انکا سانس پھول گیا ،کھیل کے تینوں شعبوں میں فلاپ شو نےمسلسل چوتھی ناکامی کا داغ لگایا ، ناک آؤٹ اسٹیج تک پاکستان ٹیم کی رسائی ناممکن ہوئی ۔
پانچویں میچ میں کیویزکےسامنےایک سوچوالیس رنزپرپاکستان ٹیم کوبریک لگے، بلیک کیپس نےدووکٹوں پرہی ٹارگٹ حاصل کرلیا، یوں مسلسل پانچویں شکست نے پاکستان ٹیم کا پول مکمل طورپرکھول دیا، چھٹےمعرکے میں ویسٹ انڈیزنے دھول چٹائی ،ایک اور ہار پاکستان ٹیم کے حصے میں آئی، اب سری لنکا سےآخری میچ باقی جو ہفتے کو ہوگا ، جیتیں یا ہاریں ، کوئی فرق نہیں پڑتا میدان میں توجوکارکردگی تھی، سورہی لیکن پلیئرزکےآپس کےجھگڑوں نےبھی خوب رنگ جمایا ،ٹیم سلیکشن پربھی نوک جھونک ہوئی، پلیئرزکی فٹنس پربھی گرما گرم بحث ہوئی ، کسی نے کپتان کو الزام دیا تو کسی نےپوری منصوبہ بندی اور تیاری کوہی ناقص قراردیا۔
ٹیم کی اس بدترین ناکامی کی ذمہ داری اب کون لےگا،اس کافیصلہ توآنےوالاوقت ہی کرے گا لیکن یہ طے ہے کہ اس طرح کی صورتحال سے کوئی سبق نہیں سیکھا جائے گابلکہ وقت کی دھول پڑنے کا بڑے صبر سے انتطار کیا جائے گا۔ اس کے بعد پھر پارٹی آن ہوجائے گی ، پھر آنکھوں کے تاروں کو دوبارہ سے تخت پربٹھادیاجائےگا ۔لفافہ کریسی ان کے قصیدے پڑھے گی، سب ٹھیک ہے کا راگ الاپا جائے گا ، اس طرح سے مٹی پاؤ کے عظیم فارمولے پرعمل کرکےسارامعاملہ لپیٹ دیا جائےگا۔ ہمارا ماضی ملکی تاریخ کےبہت سےواقعات کےحوالےسے کچھ ایسی ہی داستان اپنی جھولی میں رکھتا ہے۔