ضمنی انتخاب؛ پی ایس 114 میں پولنگ آج ہوگی
کراچی: صوبائی اسمبلی کے حلقے پی ایس ایک سو چودہ میں ضمنی انتخاب کےلئے پولنگ آج ہوگی۔ پولنگ کا وقت صبح 8 تا شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔ حلقے میں دفعہ ایک سو چوالیس نافذ کردی گئی۔
کراچی میں ضمنی اںتخاب کا میلہ سجنے میں چند گھنٹے رہ گئے۔ پی ایس ایک سو چودہ کے بانوے پولنگ اسٹیشنز میں انتخابی سامان پہنچا دیا گیا۔
ڈی جی رینجرز میجر جنرل محمد سعید نے حلقے کی سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان ظاہر کیا اور کہا کہ علاقے کے لوگ بلا خوف ووٹ کاسٹ کریں۔ ناخوشگوار واقعے کی اطلاع رینجرز اہلکار کو دیں۔ صوبائی الیکشن کمشنر نے بھی سیکیورٹی سے مطمئن نظر آئے۔
محکمہ داخلہ نے حلقے میں دفعہ ایک سو چوالیس نافذ کردی ہے۔ پولنگ اسٹیشن کے قریب کیمپ قائم کرنا ممنوع قرار۔ دفعہ ایک سو چوالیس کے تحت اسلحہ کی نمائش اور مخالفین کے کیمپوں کے سامنے جشن پر پابندی ہوگی۔