حکومت نے مجھے کیمیکل کا انجیکشن لگانے کامنصوبہ بنالیا، ذوالفقار مرزا کا الزام
ویب ایڈیٹر
کراچی : ذوالفقار مرزا نے ایک بار پھر الزام لگایا ہے کہ سندھ حکومت انہیں قتل کرنا چاہتی ہے، کہتے ہیں نیا وزیر داخلہ میری گرفتاری کیلئے بنایا گیا، مجھے کیمیکل کا انجیکشن لگانے کا پروگرام ہے، میں نے قاتل کو قاتل، مظلوم کو مظلوم کہا، عدالت کی وجہ سے آج زندہ ہوں، ہر جھوٹے مقدمے میں ضمانت ملی ہے۔
سابق وزیر داخلہ سندھ ذوالفقار مرزا گھر پر چھاپے کے بعد منظر عام پر آگئے، پولیس کو تو نہ ملے مگر اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ عدالت کی وجہ سے آج زندہ ہوں، مجھے ہر جھوٹے مقدمے میں ضمانت ملی ہے، میں سپریم کورٹ کے جج کا بیٹا ہوں، قاتل کو قاتل، مظلوم کو مظلوم کہا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ میں نے ولی بابر کے قاتل پکڑے، آج ایسے شخص کو وزیر داخلہ بنایا گیا جو نہ زندہ میں ہے نہ مردہ میں، نیا وزیر داخلہ مجھے گرفتار کرنے کیلئے بنایا گیا، مجھے کیمیکل کا انجکشن لگانے کا پروگرام ہے۔
ذوالفقار مرزا کہتے ہیں کہ میرے گھر کے باہر پولیس موبائلیں لاکر تماشا کیا گیا، ڈی آئی جی اور ایس ایس پی میرے گھر آئیں، ان کی خاطر مدارات کروں گا۔
واضح رہے کہ آج پولیس کی بھاری نفری نے ڈیفنس میں ذوالفقار مرزا کے گھر پر چھاپہ مار کر دو ملازمین کو حراست میں لیا جبکہ یہ بھی کہا گیا کہ سابق وزیر داخلہ گھر پر موجود نہیں تھے۔ سماء