ڈاکٹر فاروق ستار کا آفاق احمد کی حمایت پر ردعمل
کراچی : ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے مہاجر قومی موومنٹ کی جانب سے ضمنی الیکشن میں حمایت پر رد عمل کا اظہار کردیا، کہتے ہیں ہم نے رابطہ نہیں کیا، آفاق احمد نے خود ہی حمایت کا اعلان کیا ہے، یہ ان کی مہاجروں سے وابستگی کی پالیسی کا ثبوت ہے۔
سماء ویب ڈیسک سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے آفاق احمد کی پریس کانفرنس اور حمایت کے اعلان سے لاعلمی کا اظہار اور ساتھ ہی خیرمقدم بھی کیا، بولے کہ چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ نے ضمنی الیکشن میں حمایت کا اعلان خود کیا ہے، ہم نے کسی سے رابطہ نہیں کیا۔
مزید جانیے : آفاق احمد نے فاروق ستار کی حمایت کردی
ان کا کہنا تھا کہ آفاق احمد کی جانب سے پی ایس 114 کے ضمنی الیکشن میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے امیدوار کامران ٹیسوری کی حمایت کا خیر مقدم کرتا ہوں، انہوں نے مہاجروں سے وابستگی کی پالیسی کا ثبوت دیا ہے۔
ڈاکٹر فاروق ستار نے دعویٰ کیا کہ ضمنی انتخاب میں پاکستان پیپلزپارٹی کو بدترین شکست دیں گے۔ سماء