اپنے بچوں کو دہشت گردی سے پاک محفوظ پاکستان دینا چاہتے ہیں، پرویز رشید
ویب ایڈیٹر
راولپنڈی : وفاقی وزیر پرویز رشید کہتے ہیں مدارس سے تعلق 40 سال پرانا ہے، دہشت گردی نے معاشرے کو تباہ کردیا، اپنے بچوں کو محفوظ پاکستان دینا چاہتے ہیں، انہوں نے سعودی عرب میں خودکش حملے میں نمازیوں کی شہادت کے واقعے کو افسوسناک قرار دیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے راولپنڈی میں الخلیل قرآن کمپلیکس کے 60 حفاظ کرام کی دستار بندی کی اور سرٹیفکیٹس تقسیم کئے ، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مدارس سے میرا تعلق 40 سال پرانا ہے، کوئی ایسی بات نہیں کرنی چاہئے جس سے دوسرے کو تکلیف پہنچے، اللہ تعالیٰ نے ہمیں ایک دوسرے کو اذیت دینے کیلئے پیدا نہیں کیا، سعودی عرب میں خود کش حملے میں نمازیوں کی شہادت کا واقعہ افسوسناک ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم کو دہشتگردی کے باعث واپس جانا پڑا، دہشت گردی کے باعث کھلاڑیوں نے پاکستان آنا بند کردیا، لاہور میں کھلاڑیوں پر پر حملے نے ملکی تشخص مجروح کیا، سری لنکن ٹیم پر حملہ ہوا اسی ملک نے ہمیں ڈینگی سے بچایا، ڈاکٹرز اور طبی ماہرین پاکستان بھیجے۔
پرویز رشید کہتے ہیں کہ دہشت گردی نے معاشرے کو تباہ کردیا، اس نے تمام شعبوں کو متاثر کیا، اپنے بچوں کو محفوظ پاکستان دینا چاہتے ہیں، شہریوں پر حملے دہشت گردی اور سفاکانہ عمل ہے، مشکل میں پھنسی انسانیت کی خدمت اسلام کی اصل تعلیم ہے، اسلام کا راستہ کسی کی زندگی لینے کا راستہ نہیں۔ سماء