کراچی میں گندگی کے باعث چکن گنیا سر اٹھانے لگا
کراچی: شہر کے ديگر علاقوں کا حال بھي کچھ اچھا نہيں، کیچڑ اور گندگی کے باعث چکن گنیا سر اٹھانے لگا ہے۔
کراچی میں بارش کے بعد گندا پانی نہ نکالنا بیماریوں کو دعوت دینے لگا۔ جگہ جگہ جمع کیچڑ میں چکن گنیا کا مچھر بے قابو ہورہا ہے، جبکہ مختلف اسپتالوں میں پینتیس سے زیادہ مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔
فوکل پرسن چکن گنیا محکمہ صحت کے ڈاکٹر مسعود سولنگی کا کہنا ہے کہ سرکاری اور نجی اسپتالوں کے فوکل پرسنز چکن گنیا کے کیسز رپورٹ نہیں کرتے۔ شہر میں اسپرے مہم شروع نہ کی گئی تو چکن گنیا کے مریضوں کی تعداد بڑھنے کا خدشہ ہے۔
سندھ گورنمنٹ اسپتال سعود آباد کے ڈاکٹر ندیم نے کہا کہ محکمہ صحت نے چکن گنیا کی تشخیص کے لیے کٹس اسپتالوں کو فراہم نہیں کیں جس سے تشخیص کا عمل متاثر ہورہا ہے۔
ماہرین صحت نے خبردار کیا ہے کہ جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر اور پانی جلد صاف نہ کیا گیا تو چکن گنیا سے ہزاروں افراد متاثر ہوسکتے ہیں۔ سما