جے آئی ٹی نےسمن کاجمعہ بازار لگایا ہوا ہے،دادی کوبھی بلالیں

اسلام آباد : حسن نواز کا کہنا ہے جے آئی ٹی نے سمن کا جمعہ بازار لگایا ہوا ہے، جے آئی ٹی کو بنے جمعہ جمعہ آٹھ دن ہوئے ہیں اور یہ دستاویزات کی بات کرتے ہیں، انہیں نواز شریف کی اولاد سے نہیں، بلکہ مسئلہ نواز شریف سے ہے، بچوں کو بلا کر نواز شریف پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔
جوڈیشل اکیڈمی کے باہر دھواں دھار میڈیا سے گفت گو میں وزیراعظم نواز شریف کے صاحبزادے حسن نواز کا کہنا تھا کہ میں نے جے آئی ٹی سے سوال کیا کہ مجھے میرا جرم بتادیں، مجھ پر کوئی الزام ہے تو بتا دیں ، کورٹ میں کیس ختم ہو چکا ہے، یہاں الزام ڈھونڈا جا رہا ہے۔ ہمارے کھاتوں سے کسی کو مسئلہ نہیں، مجھ سے ايسے سوال کئے گئے جن کا نہ سر ہے نہ پير۔
انہوں نے کہا کہ وہاں برطانیہ میں ریگولیٹری اتھارٹیز مجھ سے مطمئن ہیں، مجھے، حسین اور مریم نواز کو بھی بلایا گیا، میرے سمن پر وزیراعظم نے مجھے حکم دیا کہ جہاں بلاتے ہیں جاؤ، جو کاغذات مانگتے ہیں ان کو دو، مجھے تین سیشن میں بلایا گیا، حالانکہ میں پیش ہونے کا پابند نہیں۔
حسن نواز کا کہنا تھا کہ مسئلہ صرف ایک ہے اور وہ ہے نواز شریف کا، سمن کا جمعہ بازار لگایا ہوا ہے، کٹ پیسٹ کرکے سمن جاری کیے جارہے ہیں، جے آئی ٹی کو جمعہ جمعہ آٹھ دن ہوئے ہیں، ان کے پاس کوئی چیز ہے تو بتادیں، مجھ پر عائد الزامات تو بتائیں، مجھ پر کوئي الزام تو لگائيں،چاہے موٹرسائيکل چوری کا ہي ہو، يہاں الٹي گنگا بہہ رہي ہے۔
انہوں نے کہا کہ عدالتی کیس ختم ہوگیا، تفتیش ہو رہی ہے اور الزام ڈھونڈا جا رہا ہے۔ بچوں کو بلا کر نواز شریف پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے، ایک موقع پر تو جذباتی ہو کر حسن نواز نے یہ تک کہہ ڈالا کہ سب کو بلا رہے ہيں تو دادي کو بھي بلاليں، جو ویل چیئر پر موجود ہیں۔ سماء