جے آئی ٹی میں پیشی سے قبل اسحاق ڈارکی وزیراعظم سے اہم ملاقات
اسلام آباد:پاناما کیس حتمی مراحل میں داخل ہو گیا۔ وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے جے آئی ٹی میں پیش ہونے سے قبل وزيراعظم نوازشريف سے کیس سے متعلق مشاورت کی ۔ وزیرخزانہ اسحاق ڈارآج سہ پہر3 بجے پاناما کیس کی تفتیش کرنے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہوں گے۔ جے آئی ٹی میں پیشی سے قبل اسحاق ڈار نے وزیراعظم نواز شریف سے اہم ملاقات کی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اہم ملاقات میں حدیبیہ پیپرز مل کیس سے متعلق اسحاق ڈار سے جے آئی ٹی کے ممکنہ سوالات پر مشاورت کی گئی۔ وزیر خزانہ سیاسی اور قانونی ٹیم سے بھی مشاورت کریں گے اور وزیراعظم ہاؤس سے ہی جے آئی ٹی کیلئے روانہ ہوں گے۔ واضح رہے کہ وزیراعظم نواز شریف نے بھی جے آئی ٹی میں اپنی پیشی سے قبل قریبی رفقاء کے ساتھ بیٹھک لگائی تھی جس میں اسحاق ڈار بھی شامل تھے۔ سماء