کراچی میں پانی کی قلت، ایم کیو ایم کا حسن اسکوائر پر احتجاج
اسٹاف رپورٹ
کراچی : کراچی ميں پانی کی قلت پر ایم کیو ایم نے حسن اسکوائر پر مظاہرہ کيا، حیدر عباس رضوی کہتے ہیں دریائے سندھ پر سب سے زیادہ کراچی کا حق ہے، ایم کیو ایم کراچی کا حق لیکر رہے گی۔
کراچی والے پانی کی بوند بوند کو ترس گئے، پانی کی قلت پر ایم کیو ایم نے حسن اسکوائر پر احتجاج کیا، مظاہرين سے خطاب ميں حیدر عباس رضوی نے کہا کہ وسائل کی تقسیم پر کراچی کیساتھ ظلم ہورہا ہے، دریائے سندھ پر سب سے زیادہ حق کراچی والوں کا ہے۔
رکن سندھ اسمبلی فیصل سبزواری نے جوش خطابت میں حکومت کو للکارا اور کہا کہ عوام کے مخالف نعروں سے سوئی حکومت کو جگائیں گے۔
خواتین کی بڑی تعداد بھی احتجاج میں شریک ہوئی، مظاہرين نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کراچی میں پانی کے مسئلے کو حل کیا جائے۔ سماء