پاکستان مخالف اقدام کا بھرپور جواب دیا جائے گا، وزیراعظم کا اعلان
اسٹاف رپورٹ
اسلام آباد : وزیراعظم نواز شریف نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا ہے کہ پاکستان مخالف اقدام کا بھرپور جواب دیا جائے گا، بھارتی سیاسی قیادت کے بیانات اور غیر ملکی ایجنسیوں کی پاکستان میں مداخلت پر سخت تشویش کا اظہار کیا اور کہا ہر قیمت پر پاکستان کو محفوظ ملک بناکر دم لیں گے۔
سیاسی و عسکری قیادت نے آئی ایس آئی ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا، ضرب عضب اور انٹیلی جنس آپریشنز میں پیشرفت پر بریفنگ دی گئی، وزیراعظم نے ملک کے خلاف کسی بھی کارروائی کا بھرپور جواب دینے کا اعلان کیا ہے۔
وزیراعظم اور آرمی چیف آئی ایس آئی ہیڈکوارٹر آئے تو ڈی جی آیس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر نے آپریشن ضرب عضب اور ملک میں کامیابی سے جاری انٹیلی جنس آپریشنز کی پیشرفت پر بریفنگ دی۔
انہوں نے بتایا کہ حالیہ دنوں میں کئی دہشت گرد حملے ناکام بنائے گئے اور ملک بھر میں دہشت گردوں کے کئی نیٹ ورک توڑنے میں مدد ملی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا دہشت گردی اور انتہاء پسندی ملک کو درپیش بڑے چلینج ہیں، غیر ملکی ایجنسیاں پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتی ہیں، انہوں نے بھارتی وزیر دفاع کے بیان پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دشمنوں کے تمام عزائم کو مل کر شکست دیں گے۔
میاں صاحب نے دہشت گرد کارروائیوں کا مؤثر جواب دینے پر آئی ایس آئی کے افسروں اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا، بولے ہمیں اپنی صف اول کی خفیہ ایجنسی پر فخر ہے، جس نے جانوں کے نذرانے پیش کر کے اپنا فرض نبھایا، بریفنگ میں اسحاق ڈار، چوہدری نثار، خواجہ آصف اور سرتاج عزیز بھی موجود تھے۔ سماء