سانحہ بہاولپور، وزیراعظم کی شہر آمد،واقعہ پر بریفنگ
بہاولپور : وزیراعظم نواز شریف سانحہ بہاولپور کے باعث اپنے غیر ملکی دورہ مختصر کرکے بہاولپور پہنچ گئے، جہاں حکام کی جانب سے سانحہ پر وزیراعظم کو مکمل بریفنگ دی گئی۔ سماء کے مطابق بہاولپور میں ہونے والے آئل ٹینکر کے افسوس ناک واقعہ پر وزیراعظم نواز شریف اپنا لندن کا دورہ مختصر کرکے وطن واپس پہنچ گئے، وطن واپسی پر وزیراعظم بہاولپور کی تحصیل احمد پور شرقیہ پہنچے، جہاں اعلیٰ حکام کی جانب سے انہیں سانحہ پر تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔
سرکٹ ہاؤس بہاولپور میں بریفنگ کے دوران وزیراعظم کو بتایا گیا کہ بہاولپور حادثہ 6بج کر 20منٹ پر پیش آیا، عوام نے گرے ہوئے ٹینکر سے تیل اکھٹا کرنا شروع کیا، کمشنر بہاولپور ثاقب ظفر نے وزیراعظم نواز شریف کو بریف کیا۔
حکام کے مطابق حادثے میں 140افراد جاں بحق، جب کہ 125زخمی ہیں، کراچی سے بہاولپورجانے والے ٹینکر میں25000لٹر تیل تھا، آئل ٹینکر دھماکے سے پھٹا اور 265افراد کو لپیٹ میں لیا، سانحہ احمد پور شرقيہ، شرق پور ڈسٹرکٹ کے مُتاثرہ افراد لاہور لائے گئے، مريضوں کوايئر فورس کے طیارے سي 130کے ذريعے لاہور لايا گيا۔
کمشنر کے مطابق زخميوں کو جناح اسپتال شفٹ کيا جائے گا، اس موقع پر وزیراعظم نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات دینے کی ہدایت کی، وزیراعظم نواز شریف نے بہاولپور وکٹوریہ اسپتال کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے زخمیوں کی عیادت کی۔
واضح رہے کہ آئل ٹینکر حادثے میں زخمی33افراد وکٹوریہ اسپتال میں زیرعلاج ہیں، وزیراعظم اسپتال آمد پر مریضوں سے طبی سہولیات سے متعلق دریافت کیا اور مریضوں کا اسپتال کی طبی سہولتوں پر اظہار اطمینان خوشی کا اظہار کیا۔ سماء