فخرزمان کیلئے ’’نو بال‘‘ کا ایسا استعمال؟ جسپریت بھمرا ناراض ہوگئے

Jun 25, 2017

jasprit2

آئی سی سی چیمپیئنزٹرافی کے فائنل میں بھارتی بالرجسپريت بھمرا نے ابتدا میں ہی فخرزمان کی وکٹ لی تھی مگروہ گیند نو بال نکلی جس کے بعد فخرزمان جم کر کھیلے۔ بہت سے لوگوں نے  بھمرا کی اس ’’نوبال ‘‘کو ہی میچ کا ٹرننگ پوائنٹ قراردیا۔ یہی نو بال اب بھارت کی ٹریفک پولیس لوگوں کو آگہی دینے کے لیے استعمال کر رہی ہے جس پر جسپریت خاصے نالاں ہیں۔ ریاست راجستھان کے دارالحکومت جے پور کی ٹریفک پولیس کی جانب سے عوام الناس کے لیے ایک تشہیری مہم چلائی گئی ہے جس مہیں ایک جانب بھمرا آئی سی سی چیمپئنزٹرافی کے فائنل میں نو بال کراتے دکھائی دے رہے ہیں جبکہ دوسری جانب زیبرا کراسنگ سے پیچھے کھڑی گاڑیوں کی تصویر ہے۔سونے پر سہاگا ٹریفک پولیس نے اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ ’’لائن کراس نہ کریں، آپ جانتے ہیں کہ یہ بہت مہنگا پڑ سکتا ہے‘‘۔

ٹریفک پولیس نے یہ اشتہار جے پور شہر کے کئی مقامات پر لگوایا ہے جس میں بھمرا کا پاؤں لائن کے باہر جاتا دکھائی دے رہا ہے۔جے پور پولیس ٹریفک کے مطابق اس اشتہار کا مقصد یہ ہے کہ عوام کوٹریفک سگنلز پر اپنی کاریں زیبرا کراسنگ سے پیچھے کھڑی کرنے کے لیے شعوردیا جائے۔ اشتہار کے نیچے یہ پیغام بھی ہے کہ یہ معلومات صرف ٹریفک اصولوں کی بیداری کے لیے ہیں۔

jasprit

دوسری جانب جسپریت بھمرا نے اپنی کرائی گئی نو بال کے ایسے استعمال پر شدید نراضگی کا اطہار کیا ہے۔ سماجی رابطو ں کی ویب سائٹ ٹوئٹر کے ذریعے جسپريت نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے پیغام لکھا’’بہت عمدہ جے پور پولیس، اس سے پتہ چلتا ہے کہ ملک کے لیے سب کچھ دینے کے بعد بھی آپ کو کتنی عزت ملتی ہے‘۔

jasprit1

ایک اور ٹویٹ میں بھمرا نے لکھا کہ ’’لیکن فکر نہ کریں، میں ان غلطیوں کے لیے آپ کا مذاق نہیں اڑاؤں گا جو آپ نے کام کے دوران کرتے ہیں۔ میں اس بات پر یقین رکھتا ہوں کہ انسانوں سے غلطی ہو سکتی ہے‘‘۔

بھارتی بالرکے اظہارناراضگی کے بعد جے پور ٹریفک پولیس نے بھی وضاحت پیش کردی۔ اپنے آفیشل ٹوئٹراکاؤنٹ پرپیغام میں لکھا کہ ہمارا مقصد آپ کو یا کرکٹ شائقین کے جذبات کو ٹھیس پہنچانا نہیں، ہم صرف ٹریفک قوانین کے بارے میں بیداری چاہتےتھے، آپ ایک یوتھ آئیکون ہیں اور سب کے لیے انسپریشن ہیں۔

واضح رہے کہ فخر زمان نے آؤٹ نہ ہونے کا موقع ملتے ہی بھرپورفائدہ اٹھایا تھا اور فائنل میں 114 رنزکی شانداراننگز کھیلی۔ پاکستان نے بھارت کو 339 رنز جیسا بڑا ہدف دیا جس کے تعاقب میں بھارتی سورما 158 رنز پر ہی پویلین لوٹ گئے تھے۔

Jasprit bumrah

Jaipur traffic police