دہشت گردی کی کارروائیاں کرنیوالا انتہاپسند بھارت ہمیں امن کا درس نہ دے،مشیرخارجہ
ویب ایڈیٹر:
اسلام آباد : پاکستان نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے پر بھارتی تحفظات مسترد کر دیئے ، سینیر مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا ہے کہ پاکستان میں را کے ذریعے دہشت گردی کی کارروائیاں کرنا، انسانی حقوق اور سیز فائر کی خلاف ورزی اور جمہوریت کے خلاف ورزی کرنے والے بھارت کا پاکستان کو پر امن رہنے کا درس مضحکہ خیز ہے۔ مشیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان چین اقتصادری راہداری پر بھارتی تحفظات اور پراپگنڈہ بلا جواز ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے بھارتی وزیر خارجہ کے بیان پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں مصروف ہے، بھارت کو ایک بار پھر آگاہ کردیا ہے کہ پاکستان مذاکرات میں دلچسپی رکھتا ہے، بھارتی وزیر خارجہ سوشما سوراج کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے صاف صاف بتادیا۔
ہمسایہ ملک پر کڑی تنقید کرتے ہوئے مشیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق اور سیز فائر کی خلاف ورزیاں کرتا ہے، جس پر بھارتی وزیر دفاع کا تازہ بیان اس بات کا واضح ثبوت ہے، ایسے بیانات اور بھارت کا پاکستان کو پرامن رہنے کا درس دینا مضحکہ خیز ہے۔
اقتصادی راہداری منصوبے کے خلاف بھارتی زہر فشانی اور سبوتاژ کرنے کے منصوبوں سے متعلق سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ پاکستان چین اقتصادری راہداری پر بھارتی تحفظات بلاجواز ہیں، راہداری منصوبہ خطے کی ترقی کا ضامن ہے، اور اس سلسلے میں پاکستان اور چین کے تعلقات مثالی نوعیت کے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کسی بھی ملک میں مداخلت نہ کرنے کے اصول پر سختی سے کاربند ہے اور امید رکھتے ہیں کہ بھارت سمیت کوئی بھی ملک پاکستان کے معاملات میں مداخلت نہ کرے۔
ممبئی حملوں کی تفتیش سے متعلق سینیر مشیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ مقبوضہ کشمیر سمیت تمام تنازعات حل کرنا چاہتے ہیں، تاہم ممبئی واقعہ کی تحقیقات بھارت کی وجہ سے التواء کا شکار ہے، 2013 تک بھارت نے جوڈیشل کمیشن کو دورے کی اجازت نہیں دی، پاکستان میں عدالتی نظام شفاف ہے اور ملزمان کا ٹرائل ہو رہا ہے۔ سماء