شاہ سلمان نے ولی عہد محمد بن نائف کو برطرف کردیا
ریاض : سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ولی عہد شہزادہ محمد بن نائف کو برطرف کر کے محمد بن سلمان کو سعودی عرب کا نیا ولی عہد مقرر کیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق شاہ سلمان کی جانب سے ایک شاہی فرمان جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے شہزادہ محمد بن نائف کو ولی عہد کے منصب سے ہٹا کر ان کی جگہ اپنے بیٹے شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کو ولی عہد مقرر کیا ہے۔
شہزادہ سلمان کے پاس نئی ذمہ داری کے ساتھ وزیر دفاع کا عہدہ بھی برقرار رہے گا اور وہ نائب وزیر اعظم بھی ہوں گے۔ سعودی عرب کی جانشینی کمیٹی کے 34 میں سے 31 ارکان نے شہزادہ محمد بن سلمان کے ولی عہد مقرر کرنے کے فیصلے کی توثیق کی ۔
شاہی فرمان کے مطابق آج شب تراویح کے بعد نئے ولی عہد سے اظہار وفاداری کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔ سماء