پاکستان نے گلگت بلتستان انتخابات پر بھارتی اعتراض مسترد کردیا
اسٹاف رپورٹ
اسلام آباد : پاکستان نے گلگت بلتستان انتخابات سے متعلق بھارتی دفتر خارجہ کا بیان مسترد کرتے ہوئے اسے اندرونی معاملات میں مداخلت قرار دیا ہے، دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان اور کشمیر عالمی تسلیم شدہ مسئلہ ہے۔
بھارتی دفتر خارجہ کے گلگت بلتستان اور کشمیر کو اٹوٹ انگ قرار دینے کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ قاضی خلیل اللہ کا کہنا تھا کہ کشمیر بین الاقوامی سطح پر ایک تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے، کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ اقوام متحدہ کے تحت آزادنہ استصواب رائے سے ہونا ہے، بھارت کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلے عام خلاف ورزی کررہا ہے۔
انہوں نے گلگت بلتستان انتخابات سے متعلق بھارتی بیان کو پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت قرار دیا اور کہا کہ بھارت تنقید کرکے مقبوضہ کشمیر میں تسلط کو جائز قرار دینے کی کوشش کررہا ہے۔
قاضی خلیل اللہ کہتے ہیں کہ حقیقت میں بھارت جموں و کشمیر پر غیرقانونی طور پر قابض ہے، تسلط جائز قرار دینے کیلئے ہی مقبوضہ کشمیر میں 7 لاکھ بھارتی فوجی ہیں، بھارتی افواج معصوم کشمیریوں پر مظالم ڈھارہی ہیں، بھارت نے بندوق کے زور پر مقبوضہ کشمیر میں شرمناک الیکشن کرائے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ بھارت سلامتی کونسل کی قرار دادوں سے ہمیشہ انکار کرتا رہا ہے، سلامتی کونسل کی قرار دادیں ہی کشمیر کے مسئلہ کا واحد حل ہیں۔ سماء