پاک بحریہ کے شہید اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا
کراچي: جیوانی میں پاک بحریہ کی گاڑی پر فائرنگ سے شہید ہونے والے نيوی اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ہے۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق شہید ہونے والے خلیل مراد اور حسن رضا کی نماز جنازہ پی این ایس شفاء میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں چیف آف نیول اسٹاف نے بھی شرکت کی۔
چیف آف نیول اسٹاف نے پاک بحریہ کے اہلکاروں پر شرپسندوں کے اس حملے کی شدید مذمت کی اور غم زدہ خاندانوں سے تعزیت کی۔ نیول چیف نے اس واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی بزدلانہ کارروائیاں دہشت گردی کے خلاف پاک بحریہ کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔
ایڈمرل ذکاءاللہ نے مزید کہا کہ وطن عزیز سے دہشت گردی کے خاتمے اور ملکی دفاع کے لیے شہداء کی یہ عظیم قربانیاں گرانقدر اور لائق تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مٹھی بھر دہشت گر وطن عزیزکو عدم استحکام سے دوچار کرنے کے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے اس امر کا اعادہ کیا کہ پاک بحریہ دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پر عزم ہے۔
نیول چیف نے اس موقع پر دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید اہلکاروں کو اپنے جوار رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے اہلِ خانہ کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت اور توفیق عطا کرے۔ انہوں نے حملے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی۔ انہوں نے پی این ایس شفاء میں زیر علاج زخمی اہلکاروں کی عیادت کی جب کہ شہداء اور زخمیوں کے اہل خانہ سے ملاقات بھی کی۔ سما