پوری ٹیم کی محنت کی وجہ سے کامیابی ملی، سرفراز احمد

کراچی : قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں فتح ٹیم اسپرٹ کا نتیجہ ہے، پہلے کھیل میں بھارت سے شکست کے بعد بہت زیادہ محنت کی، اللہ تعالی اور قوم کے شکر گزار ہیں۔ کراچی میں اپنی رہائش گاہ کے باہر میڈیا سے گفت گو میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے مداحوں اور قوم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی اور قوم کی دعاؤں کے بغیر یہ ممکن نہ تھا، اہل وطن کو مبارک ہو کہ ان کی دعائیں رنگ لے آئیں۔

انہوں نے کہا کہ کہا کہ ہم نے ہر شعبے میں اچھی کارکردگی دکھائی، جس کی وجہ سے ٹیم کی فتح ہوئی، لڑکے جس طرح کھیلے ان کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے، یہ پاکستان کرکٹ کے لیے اچھا اشارہ ہے، بھارت کے ساتھ پہلے میچ میں لڑکے بہت دباؤ میں آگئے تھے، ٹیم انتظامیہ مینجمنٹ نے بہت محنت کی اور ٹیم نے کم بیک کیا، سینیرز نے زبردست پرفارم کیا، آنے والے وقت میں مزید اچھی پرفارمنس دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت سے شکست کے بعد ہماری فیلڈنگ، بیٹنگ، بولنگ سب میں بہتری آئی، اچھی بات ہے کہ عوام ٹیم کو بہت زیادہ سپورٹ کرتی ہے، زیادہ سے زیادہ کوشش کر رہے تھے کہ سوشل میڈیا سے دور رہیں۔

اس سے قبل کراچی آمد پر کپتان سرفراز احمد کو ایئرپورٹ سے گھر تک پروٹوکول میں لایا گیا، وہ گاڑی میں جب اپنے گھر بفرزون پہنچے تو قومی ہیرو پر ہزاروں کی تعداد میں موجود مداحوں نے گل پاشی کی۔ گھر آمد پر سرفراز احمد نے بالکونی سے مداحوں کو دیکھ کر ہاتھ ہلایا اور انہیں ٹرافی دکھائی۔ مداحوں کی جانب سے ’’موقع موقع‘‘ گانے پر سرفراز احمد نے بھی ان کا ساتھ دیا۔
اس موقع پر علاقے میں جشن کا سماں تھا، سرفراز کے گھر پر مداحوں کا ٹھاٹے مارتا سمندر موجود تھا، مداح اپنے ہیرو کی جھلک دیکھنے کیلئے دوسروں کی چھتوں پر بھی چڑھ گئے۔ سماء