جےآئی ٹی پیشی،شہبازشریف جوڈیشل اکیڈمی پہنچ گئے
اسلام آباد : وزیراعظم نواز شریف اور صاحبزادوں کے بعد اب وزیراعلیٰ شہباز شریف بھی جے آئی ٹی کے روبرو پیش ہونے کیلئے جوڈیشل اکیڈمی پہنچ گئے۔
پاناما عمل درآمد کیس کی تحقیقات کیلئے بنائی گئی جے آئی ٹی کی جانب سے طلبی پر وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف آج پیش ہو رہے ہیں، اس موقع پر فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی کے اطراف تمام سڑکیں بند کردی گئی ہیں۔
شہباز شریف دن گیارہ بجے جے آئی ٹی میں پیش ہونے کیلئے جوڈیشل اکیڈمی پہنچے،اس موقع پر ن لیگی قیادت اور کارکنوں کی بڑی تعداد بھی جوڈیشل اکیڈمی کے پاس موجود تھی۔ پیشی کے موقع پر دو ہزار سے زائد سیکیورٹی اہلکاروں کو اس موقع پر تعینات کیا گیا ہے۔
سیکیورٹی کیلئے پولیس، اسپشل برانچ، ایف سی اور رینجرز کے دو ہزار پانچ سو سینتالیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، کسی بھی غیر متعلقہ شخص یا گاڑی جوڈیشل اکیڈمی میں داخل نہیں ہو سکے گی، جب کہ مسلم لیگ ن کی مقامی قیادت کا داخلہ بھی بند ہوگا۔
جے آئی ٹی نے شہباز شریف کو حدیبیہ پیپر ملز اور چوہدری شوگر ملز سمیت دیگر کاروبار کی دستاویزات ساتھ لانے کی ہدایت کی ہے۔ تحقیقاتی ٹیم نے ایس ای سی پی سے پینتالیس فیکٹریز کا ڈیٹا پہلے ہی طلب کر رکھا ہے۔ سماء