کرارے نوٹوں کیلئے ایس ایم ایس سروس کی عوام میں بھرپور پذیرائی

Jun 16, 2017
11 Nov 2006, Multan , Pakistan --- A Pakistani woman shows new 500 (6.4 Euros) Rupee and 100 (1.3 Euros) Rupee currency notes released by State Bank of Pakistan. --- Image by © epa/Corbis

کراچی : اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی نئے کرنسی نوٹوں کیلئے شروع کی گئی ایس ایم ایس سروس کی عوام میں بھرپور پذیرائی جاری ہے، اب تک 16 لاکھ افراد نوٹوں کیلئے میسیج بھیج چکے ہیں جبکہ تقریباً 6 لاکھ 40 ہزار افراد نئے کرنسی نوٹ حاصل کرچکے ہیں۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان بینکنگ سروسز کارپوریشن (ایس بی پی بی ایس سی) نے عیدالفطر 2017ء کے موقعے پر عوام کی نئے کرنسی نوٹوں کی طلب کو پورا کرنے کیلئے رمضان المبارک میں 12 جون 2017 سے ایس ایم ایس شارٹ کوڈ پر مبنی سروس (8877) جاری کی، یہ سروس پاکستان بھر میں ایس بی پی بی ایس سی کے 16 فیلڈ دفاتر اور 120 شہروں میں بینکوں کی 1002 ای برانچز کے نیٹ ورک کے ذریعے مہیا کی گئی ہے۔

ایس بی پی کے مطابق اس سروس کو عوام کی طرف سے بھرپور پذیرائی ملی ہے، اب تک 1.6 ملین افراد نے بکنگ کوڈ حاصل کیا ہے جس میں سے لگ بھگ 40 فیصد (تقریباً 6 لاکھ 40 ہزار افراد) کو ایکسچینج ویلیو کے عوض مذکورہ برانچوں سے نئے نوٹ مل چکے ہیں، صارفین کو خدمات فراہم کرنے کی بینک برانچوں کی استعداد کے پیش نظر توقع ہے کہ یہ سروس چند روز میں اپنی زیادہ سے زیادہ حد تک پہنچ جائے گی اور اس کے بعد نئی بکنگز ممکن نہ ہوں گی۔

اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعلامیے میں عوام کو مطلع کیا گیا ہے کہ بکنگ سروس اپنی زیادہ سے زیادہ حد تک پہنچنے کے بعد بند کردی جائے گی، توقع ہے کہ سروس 20 جون 2017ء کے یوم کار کے اختتام تک زیادہ سے زیادہ حد تک پہنچ جائے گی، چنانچہ اس کے بعد مزید بکنگ کوڈ جاری نہیں کئے جائیں گے۔

ایس بی پی کے مطابق عوام میں سے جو افراد نئے کرنسی نوٹوں کیلئے بکنگ کوڈ حاصل کرچکے ہوں گے وہ جمعہ 23 جون 2017ء کے کاروباری دن کے اختتام تک نئے کرنسی نوٹ حاصل کرنے کے اہل ہوں گے بشرطیکہ بکنگ کوڈ درست ہو۔

یاد رہے کہ ایس ایم ایس سروس کے علاوہ بینک اپنی برانچوں اور اے ٹی ایمز کے ذریعے بھی اپنے صارفین کو نئے نوٹوں کی فراہمی جاری رکھ سکتے ہیں کیونکہ اسٹیٹ بینک انہیں کافی تعداد میں نئے نوٹ فراہم کررہا ہے۔ سماء / اے پی پی

New currency note

Tabool ads will show in this div