وزیراعظم کا کراچی میں پولیس افسران کی ٹارگٹ کلنگ پر اظہار تشویش
اسٹاف رپورٹ
اسلام آباد : وزیراعظم نواز شریف کا کراچی میں پولیس افسران کی ٹارگٹ کلنگ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈی ایس پی کے قتل کی رپورٹ طلب کرلی، ملزمان کی فوری گرفتاری کا بھی حکم دے دیا۔
ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق میاں نواز شریف نے کراچی میں ڈی ایس پی مجید عباس کے قتل کی مذمت اور لواحقین سے افسوس کا اظہار کیا ہے، متعلقہ حکام سے واقعے کی رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔
ترجمان کے مطابق وزیراعظم نے صوبائی حکومت کو کراچی میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی اور ڈی ایس پی کے قاتلوں کی فوری گرفتاری عمل میں لانے کا حکم دیا۔
واضح رہے کہ کراچی میں چند روز کے دوران کئی پولیس افسران اور پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا جاچکا ہے۔ سماء