وزیراعظم کی قزاقستان کے صدر سے ملاقات، اقتصادی امور پر گفتگو
آستانہ: وزیراعظم محمد نواز شریف نے امید ظاہر کی ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے جاری سربراہ اجلاس کے نتیجہ میں خطہ کے عوام کے مابین تعاون اور اقتصادی خوشحالی کی راہ ہموار ہوگی۔
انہوں نے یہ بات قزاخستان کے صدر نور سلطان نذر بایوف سے جمعرات کو اپنی آمد کے بعد ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
وزیراعظم نے توانائی، علاقائی رابطہ اور انسانی وسائل کی ترقی کے شعبوں میں قزاخستان کے ساتھ تعاون کیلئے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں اضافہ کی ضرورت کو اجاگر کیا جو حقیقی صلاحیت سے بہت کم ہے۔
انہوں نے 17 ویں ایس سی او سربراہ میں شرکت کی دعوت دینے پر نور سلطان نذر بایوف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے سربراہ اجلاس کی میزبانی پر انہیں مبارکباد بھی دی۔ انہوں نے شاندار اور پرتپاک مہمان نوازی پر بھی قزاخستان کے صدر کا شکریہ ادا کیا۔ اے پی پی