سینیٹ اجلاس، اپوزیشن کی بجٹ بحث کے دوران حکومت پر کڑی تنقید
اسٹاف رپورٹ
اسلام آباد : سینیٹ اجلاس میں اپوزیشن ارکان نے بجٹ پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا، تحریک انصاف کے شبلی فراز کا کہنا ہے کہ ملک کو آگے لے جانے کیلئے احتساب کا عمل شروع کرنا ہوگا۔
تحریک انصاف کے شبلی فراز نے بجٹ بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بزنس مین سیاست میں گھس آئے ہیں، یہ لوگ ملک کے بجائے اپنی خدمت کررہے ہیں۔
سسی پلیجو نے کہا کہ موجودہ بجٹ میں عوام کیلئے کچھ نہیں ہے، اسحاق ڈار عوام کو مسلسل بے وقوف بنارہے ہیں۔ مولانا عطاء الرحمان کا کہنا تھا کہ بجٹ پر بحث کے بجائے ارکان ایک دوسرے پر تنقید کررہے ہیں، قومی اسمبلی اور سینیٹ سنجیدہ فورم ہیں، ہم غیر سنجیدہ ہیں۔
محسن لغاری نے کہا کہ جی ایس ٹی کے بجائے امیر لوگوں سے ٹیکس لیا جائے۔ ن لیگ کے سینیٹر چوہدری تنویر نے کہا کہ کراچی میں بھی کچی آبادیاں امن و امان کی خرابی کی وجہ بنیں اور حالات اتنے خراب ہوئے کہ آپریشن کرنا پڑا۔
وفاقی وزیر ریاض پیرزادہ نے بتایا کہ اسلام آباد میں 10 قانونی اور 12 غیر قانونی کچی آبادیاں ہیں، جنہیں ختم کرنے کیلئے آپریشن کریں تو مافیا سامنے آجاتا ہے، اجلاس پیر کی شام 4 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔ سماء