ٹرمپ کا دورہ سعودی عرب، اصل مقاصد سامنے آگئے
نیویارک : ڈونلڈ ٹرمپ کے دورہ سعودی عرب کے مقاصد کیا تھے، نتیجہ سامنے آنے لگا، امریکی صدر نے خلیجی ریاستوں سے قطر کیخلاف یکجہتی پر زور دیدیا۔
کیا ٹرمپ کا مشن سعودی عرب یہی تھا؟، عرب اسلامی امريکی اجلاس کے بعد اسلامی ممالک ميں پھوٹ پڑنے لگی، سعودی عرب سمیت کئی خلیجی ممالک نے قطر سے سفارتی تعلقات منقطع کردئیے۔
امریکی صدر اسے اپنی جیت قرار دے رہے ہیں ، گزشتہ روز ٹوئٹر پیغام میں ٹرمپ نے قطر پر الزام عائد کیا کہ وہ دہشت گردی کی معاونت کررہا ہے اور عرب اتحادیوں کی جانب سے قطر کو تنہا کرنے کے اقدام کو 'دہشت گردی کے خاتمے کا آغاز' قرار دیا۔
ٹرمپ کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے خطے میں دہشت گردی کا فروغ روکنے پر زور دیا اور سربراہان نے قطر کو کٹہرے میں کھڑا کردیا اور اب تو ٹرمپ نے شاہ سلمان کو فون بھی گھما ڈالا ہے، قطر کیخلاف اقدامات پر خلیجی یکجہتی پر زور دیا۔
سعودی بادشاہ سے رابطہ کر کے امریکی صدر نے کہا کہ یہ اہم ہے کہ خلیجی ممالک خطے کے امن کیلئے قطر کیخلاف متحد ہوں۔
دوسری جانب امریکا قطرمیں اپنے مفادات بھی برقرار رکھنا چاہتا ہے، امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان نے پریس بریفنگ میں امریکی فضائی اڈے کی میزبانی کرنے پر قطر کا شکریہ ادا کیا۔ سماء