ایران میں خودکش حملہ و فائرنگ، 3 افراد ہلاک، متعدد زخمی
تہران : ایرانی دارالحکومت تہران میں امام خمینی کے مزار پر خودکش حملے اور پارلیمنٹ کے اندر مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے، فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
ایرانی ذرائع ابلاغ سے جاری اطلاعات کے مطابق ایرانی ذرائع ابلاغ فارس، مہر اور دیگر خبر رساں اداروں کی جانب سے فراہم کردہ اطلاعات کے مطابق ایران میں دہشت گردی کے دو واقعات رونما ہوئے ہیں، پہلا واقعہ ایرانی پارلیمنٹ میں پیش آیا، جہاں مسلح شخص نے اندر گھس کر سیکیورٹی گارڈز اور دیگر افراد پر فائرنگ شروع کردی۔
ٹیلی گرام کے مطابق حملہ آور نے ایک گارڈ کی ٹانگ پر گولی مار اور بھاگ گیا، تاہم دیگر ذرائع ابلاغ سے جاری اطلاعات کے مطابق فائرنگ سے متعدد افراد زخمی ہوئے، ایرانی پارلیمنٹ کے اندر لوگوں کو یرغمال بنائے جانے کی بھی اطلاعات ہیں۔
دہشت گردی کا دوسرا واقعہ امام خمینی کے مزار پر پیش آیا، جہاں خود کش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، جب کہ دیگر دو حملہ آوروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے، مزار کے ساتھ ملحقہ سب وے کو سیکیورٹی خدشات کی بنا پر بند کردیا گیا ہے، مزار پر حملہ کرنے والے مسلح افراد نے مزار پر حاضری دینے والوں پر جدید ہتھیاروں سے فائرنگ بھی کی۔

تازہ اطلاعات کے مطابق ایرانی پارلیمنٹ میں فائرنگ اور امام خمینی کے مزار پر خود کش حملے میں 3 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں، ہلاکتوں میں اضافے کا بھی خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ سماء