ایان علی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری
اسلام آباد: کسٹم عدالت نے کرنسی اسمگلنگ کیس میں ملوث ماڈل ایان علی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔ عدالت نے 21 جون تک ملزمہ کی حاضری یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔ ایان علی کے خلاف کرنسی اسمگلنگ کیس کی سماعت کسٹم عدالت کے جج محمد شیراز کیانی نے کی۔ ایان علی کے پیش نہ ہونے کا سب بتاتے ہوئے ان کے وکیل نے کہا کہ میری موکلہ کی والدہ بیمار ہیں۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ اب ملزمہ کی والدہ بیمار ہو گئی ہیں، عدالت کو یہ بتایا جائے کہ ملزمہ پاکستان واپس آئیں گی یا نہیں؟ ۔ گزشتہ تاریخ پر عدالت نے ملزمہ کو پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔ 17 دسمبر 2016 کے بعد سے ملزمہ مسلسل غیر حاضر ہے۔
ایان علی کے وکیل کی جانب سے پرویز مشرف کے کیس کا ذکر کرنے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔
کسٹم عدالت نے ایان علی کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے ملزمہ کو 21 جون کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔