گولے داغ کر افطاری کا اعلان
دبئی : جی ہاں یہ کوئی اچھنبے کی بات نہیں بلکہ متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں یہ ایک روایت ہے کہ افطار کا اعلان گولے داغ کر کیا جاتا ہے۔
اگر آپ دبئی میں موجود ہیں اور شام ہوتے ہی اچانک دھماکوں کی آوازیں آنا شروع ہوجائیں تو پریشان مت ہونا، جی ہاں یہ حملے کے نہیں خوشی کے شادیانے ہیں۔
خلیجی نیوز ایجنسی کی جانب سے جاری دلچسپ رپورٹ کے مطابق دبئی میں افطار کے وقت گولے داغ کر اعلان کرنے کی رسم خاصی پرانی ہے، اس دوران ماہِ صیام میں افطار کے وقت شہر توپوں کی آواز سے گونج اٹھتا ہے۔
رمضان کے موقع پر دبئی کے چھ مختلف مقامات پر توپیں رکھ دی گئی ہیں، جس میں سے ایک توپ بیک اپ کے طور پر استعمال کیلئے رکھی ہے، جو پورے رمضان اذانِ مغرب کے وقت توپ کے گولے داغ کر افطار کے وقت کا اعلان کرتی ہیں۔
شہر توپوں کی آواز سے گونجُ اُٹھتا ہے تو ایک عجیب ہی سماں بن جاتا ہے، یہ منظر دیکھنے کیلئے لوگوں کی بڑی تعداد ان مقامات کا رُخ کرتی ہے۔ مقامی افراد کے مطابق گولے داغنے کی اس روایت کا آغاز 1960 میں ہوا۔ سماء