وزیراعظم نواز شریف سے آصف زرداری کی ملاقات سہ پہر 3 بجے طے
ویب ایڈیٹر
اسلام آباد : وزیراعظم نواز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری کے درمیان ملاقات آج ہوگی، ذرائع کے مطابق شریک چیئرمین پیپلزپارٹی سہ پہر 3 بجے وزیراعظم ہاؤس جائیں گے۔
سابق صدر اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین کی گزشتہ روز کی دھمکیوں سے لبریز، جارحانہ اور دھواں دھار تقریر کے بعد ملک کی دونوں بڑی جماعتوں کے سربراہوں نے ملاقات کا فیصلہ کیا۔
ذرائع کہتے ہیں کہ سابق صدر آصف علی زرداری سہ پہر 3 بجے وزیراعظم میاں نواز شریف سے ملاقات کیلئے وزیراعظم ہاؤس پہنچیں گے۔
واضح رہے کہ پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کراچی میں رینجرز کی کارروائیوں پر آگ بگولا تھے، انہوں نے پاک فوج، ریٹائرڈ جرنیلوں اور سیاستدانوں پر خوب نشتر برسائے جبکہ ڈھکے چھپے الفاظ میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو بھی پیغام دے گئے، بولے کہ آپ 3 سال تک رہیں گے ہم ہمیشہ رہنے والے ہیں۔
اسلام آباد میں فاٹا کے اراکین سے خطاب کرتے ہوئے آصف زرداری کا کہنا تھا کہ ہمیں نہ چھیڑا جائے ورنہ اینٹ تمہاری اینٹ سے اینٹ بجادیں گے، ہماری کردار کشی نہ رکی تو چپ نہیں رہیں گے، ہم شروع ہوئے تو سب جنرلوں کا آج تک کا کچا چٹھا کھول دیں گے۔
دوسری جانب پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین کے بیان پر سیاستدانوں، سیاسی و دفاعی تجزیہ کاروں کی جانب سے شدید تنقید کی جارہی ہے۔ سماء