وزیر داخلہ کی محسن علی اور خالد شمیم کو اسلام آباد منتقل کرنے کی ہدایت
ویب ایڈیٹر
اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے چمن سے گرفتار محسن علی اور خالد شمیم کو اسلام آباد منتقل کرنے کے احکامات جاری کردیئے، شک ہے کہ دونوں ملزمان لندن میں متحدہ کے رہنماء ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل میں ملوث ہیں۔
کيا عمران فاروق کيس کی گمشدہ کڑياں مل گئيں؟، چمن میں پاک افغان سرحد پر ایف سی نے 2 مشتبہ ملزمان کو گرفتار کیا جن کے پاس سفری دستاویزات نہیں تھی، دوران تفتیش ملزمان نے اپنے نام محسن علی اور خالد شمیم بتائے جس پر انہیں کوئٹہ منتقل کیا گیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ محسن علی اور خالد شمیم کا تعلق کراچی کی سياسی جماعت سے ہے۔
آئی جی ایف سی بلوچستان نے چمن سے گرفتار دو مشتبہ افراد سے متعلق وفاقی وزیر داخلہ کو ٹیلی فون پر بریفنگ دی، جس پر چوہدری نثار علی خان نے دونوں ملزمان کو ابتدائی تفتیش کے بعد اسلام آباد منتقل کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔
واضح رہے کہ حکام کو شک ہے کہ محسن علی اور خالد شمیم لندن میں 2010ء میں متحدہ قومی موومنٹ کے سینئر رہنماء ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل میں ملوث ہیں، برطانوی نشریاتی ادارے نے بھی اپنی تحقیقات رپورٹ میں انہی ناموں والے دو افراد کے ملوث ہونے کا ذکر کیا تھا۔ سماء