کشمیریوں پر بھارتی مظالم، بلاول بھٹو عالمی برادری پر برس پڑے
کراچی : بلاول بھٹو زرداری عالمی برادری پر برس پڑے، کہتے ہیں کشمیریوں کیخلاف بھارتی فوج کے مظالم پر بین الاقوامی برادری کی خاموشی تشویشناک ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی دہشت گردی انسانیت پر حملہ ہے۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی کشمیر میں بھارتی مظالم کیخلاف بول پڑے، عالمی برادری پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارتی مظالم پر بین القوامی برادری کی خاموشی تشویشناک ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی دہشت گردی انسانیت پر حملہ ہے۔
اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا ہے کہ رمضان شروع ہوتے ہی کشمیری عوام پر بربریت مسلط کی گئی، کشمیریوں کو ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
گزشتہ روز مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ظالمانہ کارروائیوں میں حریت رہنماء برہان وانی کے جانشین کمانڈر سبزار بھٹ کو کئی ساتھیوں سمیت شہید کردیا گیا، جس پر لاکھوں کشمیری احتجاج کرتے ہوئے سڑکوں پر آگئے تھے، بھارت نے جابرانہ اقدامات کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے وادی میں کرفیو نافذ کردیا جبکہ انٹرنیٹ سروس بھی معطل کردی۔ سماء