پاکستان،افغانستان اور چین کا تعاون کیلئے عملی اقدامات کو فروغ دینے پر اتفاق
اسلام آباد: پاکستان، افغانستان اور چین نے خطے میں امن اور علاقائی اقتصادی استحکام کیلئے سہ فریقی عملی تعاون پر اتفاق کیا ہے۔ یہ اتفاق رائے گزشتہ روز بیجنگ میں منعقدہ چین افغانستان پاکستان سہ فریقی عملی تعاون سے متعلق مذاکرات کے پہلے مرحلے کے دوران طے پایا گیا۔
ہفتہ کو دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق تینوں فریقین نے دوستانہ ماحول میں سہ فریقی تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال اور تعاون کیلئے عملی اقدامات کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔
وزارت خارجہ امور پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل منصور احمد خان، چینی وزارت خارجہ امور کے ڈی جی زیاو جیان اور افغان وزارت خزانہ کے ڈی جی خالد پائیندہ نے اجلاس کی مشترکہ صدارت کی۔ فریقین نے قرار دیا کہ افغانستان اور خطے میں امن و استحکام اور ترقی کیلئے پاکستان، افغانستان اور چین کے مابین سہ فریقی تعاون انتہائی ضروری ہے۔
ترجمان کے مطابق تینوں ملکوں نے چین پاکستان اقتصادی راہداری اور علاقائی رابطوں کو فروغ دینے کیلئے اسکے فوائد کو سراہا۔ انہوں نے بیلٹ اینڈ روڈ فورم کے تحت علاقائی اقتصادی استحکام اور مختلف شعبوں میں عملی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ چین اور پاکستان دونوں ملک افغانستان کو ضروریات کی بنیاد پر اور پاک چین امدادی پروگرام کے مطابق انفرا اسٹرکچر، توانائی، تعلیم، زراعت، انسانی وسائل سمیت دیگر شعبوں میں عملی تعاون فراہم کرینگے۔ اے پی پی