نئے بجٹ میں کیا سستا کیا مہنگا؟
اسلام آباد: نئے مالی سال کا وفاقی بجٹ آج پیش کیا جا رہا ہے۔ کیا مہنگا ہو گا ، کیا سستا؟ کس چیز پر کتنا ٹیکس لگے گا اور کس پر چھوٹ ملے گی۔ تنخواہوں اور پنشن میں کتنا اضافہ ہو گا؟ تفصیلات سامنے آ گئیں۔ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نئے مالی سال 18-2017 کیلئے اڑتالیس سو ارب روپے سے زائد کا بجٹ آج قومی اسمبلی میں پیش کریں گے۔نئے بجٹ میں وفاقی ترقیاتی منصوبوں کیلئے ایک ہزار ایک ارب روپے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں دس سے پندرہ فیصد جبکہ پنش میں بیس فیصد اضافے کا امکان ہے۔
ٹیکس تجاویز کے مطابق نئے بجٹ میں چار سو سے زائد درآمدی اشیاء پر کسٹمز اور ریگولیٹری ڈیوٹی میں اضافہ ہوگا۔ جبکہ زراعت کیلئے سیلز ٹیکس کی شرح میں کمی کی جائے گی۔قالین اور چمڑے کی مصنوعات بنانے والوں کیلئے بھی زیرو ریٹ ہوگا۔
سگریٹ، پرفیوم ،چاکلیٹ، انرجی ڈرنکس، جوسز ،منرل واٹر ، شہد اور دہی سمیت ڈبوں میں بند بیشتر اشیاء مہنگی ہوں گی۔فرنیچر ، فریج، ٹی وی، واٹر ڈسپنسر، مائیکرو ویو اوون سمیت دیگر الیکٹرانک اشیاء کے دام بھی بڑھ جائیں گے۔
خواتین کو اپنا حسن نکھارنے کیلئے اب جیب مزید ہلکی کرنی پڑے گی، کیونکہ بجٹ کے بعد میک اپ کا سامان بھی مہنگا ہو جائے گا۔ اس کے علاوہ سیمنٹ اور سریا سمیت تعمیراتی سامان کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہو جائے گا۔ سماء