قیامت خیز گرمی ،طویل لوڈ شیڈنگ نے کراچی والوں کا میٹر شارٹ کر دیا
ویب ایڈیٹر:
کراچی: رمضان المبارک میں بھی بجلی کے بحران سے کراچی کے شہری بلبلا اٹھے ۔ قیامت خیزگرمی میں کےالیکٹرک کی جانب سے بجلی کی طویل بندش نے شہریوں کامیٹربھی شارٹ کردیا۔
شدید گرمی میں کراچی کے روزہ دار طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ پر بپھر گئے، کہیں پولیس سے ٹاکرا ہوا تو کہیں ٹائر جلا کرروڈ ہی بند کر دیا۔
مشتعل مظاہرین نے شادمان کےعلاقے میں پولیس کی موبائلوں پرپتھراؤ کیا تو جواب میں اہلکاروں نے بھی ہوائی فائرنگ کردی لیکن لوڈ شیڈنگ کے ستائے شہری ہوائی فائرنگ سے بھی نہ گھبرائے اور پولیس پر پتھر برساتے رہے۔
یہی نہیں کراچی کے علاقے عزیزآباد ،گلشن شمیم ،ابوالحسن اصفہانی روڈ ، ٹیپوسلطان روڈ اورملیرپندرہ سمیت کئی علاقوں میں بھی بجلی کی طویل بندش کی وجہ سے مظاہرین سڑکوں پرنکلےاورٹائرجلاکرروڈ ٹریفک کےلیے بند کردیا۔
مشتعل مظاہرین کا کہنا تھا کہ حکومت نےماہ مبارک میں لوڈ شیڈنگ میں کمی اور سحر و افطار کے اوقات میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی کے صرف دعوے ہی کیے ۔ کے الیکٹرک اس بابرکت مہینے میں بھی روایتی بےحسی کا مظاہرہ کرنے سے باز نہیں آرہی۔ سماء