بچوں کو پھلوں کا جوس پلانا خطرناک قرار

واشنگٹن : ماہرین اطفال نے کہا ہے کہ ڈاکٹروں کے مشورے کے بغیر ایک سال سے کم عمر کے بچوں کو پھلوں کا جوس کا استعمال نہیں کرانا چاہئے۔
ٹیکساس یونیورسٹی، ڈیل میڈیکل اسکول میں شعبہ اطفال کے چیئرمین ڈاکٹر اسٹیون اے ابرامز کا کہنا ہے کہ 6 ماہ سے ایک سال کے بچوں کیلئے ماں کا دودھ سب سے مفید ہے اور اس کے بعد کسی بھی پھل کے جوس کی ضرورت نہیں رہتی۔
نئی تحقیق کے مطابق ایک سال سے زائد عمر کے بچوں کیلئے 100 فیصد تازہ پھلوں کا جوس متوازن غذا کا حصہ ہے اور صحت کیلئے مفید بھی ہے، والدین کو ایک سے 3 سال کے بچوں کیلئے روزانہ 4 اونس جوس کے استعمال کا مشورہ دیا گیا، بچوں کو جوس کپ میں دینا چاہئے۔
ماہرین کہتے ہیں کہ 4 سے 6 سال کے بچوں کیلئے روزانہ 4 سے 6 اونس جبکہ 7 سے 18 سال تک کی عمر کے بچوں میں روزانہ 8 اونس یا ایک کپ جوس پینا مفید ہے۔
امریکن اکیڈمی نے ڈبے کے جوس کی مصنوعات کی حوصلہ شکنی کرتے ہوئے کہا ہے کہ گریپ فروٹ جوس بچوں کو نہیں دینا چاہئئے کیونکہ اس میں مخصوص ادویات کے اثرات موجود ہوتے ہیں جبکہ ڈائریا یا پانی کی کمی کی صورت میں جوس کا استعمال ہرگز مفید نہیں، بچوں کو فروٹ جوس کی نسبت تازہ پھل کھلانے چاہیئں۔ ویب ڈیسک