کراچی میں فائرنگ کے واقعے میں دو پولیس اہلکار شہید
کراچی: شہر قائد میں ایک بار پھر فائرنگ کا واقعہ، بہادرآباد میں نامعلوم مسلح افراد نے پولیس موبائل کو نشانہ بنایا جس میں دو اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا ہے۔
ایس ایس پی ایسٹ فیصل عبداللہ کا کہنا ہے کہ نامعلوم حملہ آوروں نے کراچی کے علاقے بہادرآباد میں نیو ٹاون تھانے کی پولیس وین پر فائرنگ کی جس میں دو اہلکار شہید اور ایک شدید زخمی ہوگیا۔ پولیس موبائل معمول کی گشت پر تھی۔
ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کا واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا لگتا ہے کیونکہ گولیاں سروں اور سینے پہ لگیں۔ جائے وقوع سے نائن ایم ایم پستول کے تیرہ خول ملے ہیں۔
شہید پولیس اہلکاروں کی شناخت اے ایس آئی افتخار اور ہیڈ کانسٹیبل راجہ یونس کے نام سے ہوئی۔ شدید زخمی ہونے والے ایک اہلکار کو وینٹی لیٹر پر منتقل کردیا گیا ہے۔
آئی جی پولیس سندھ اے ڈی خواجہ نے فائرنگ واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ایسٹ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ سماء