شعیب شیخ سمیت دیگر ملزمان کا 7 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور
اسٹاف رپورٹ
اسلام آباد : اسلام آباد کی مقامی عدالت نے ایگزیکٹ جعلی ڈگری اسکینڈل میں شعیب شیخ سمیت دیگر ملزمان کو 7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا، عدالت نے تمام ملزمان کو 3 جولائی کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
جعلی ڈگری اسکینڈل میں گرفتار شعیب شیخ و دیگر ملزمان کو سول جج عبدالغفور کاکڑ کی عدالت میں پیش کیا گیا، شعیب شیخ کے وکیل رضوان عباسی نے مؤقف اختیار کیا کہ ایف آئی اے نے سب کچھ کھنگال لیا مگر کچھ بھی نہیں ملا، کسی بھی اتھارٹی نے ایگزیکٹ کی ڈگری کو جعلی قرار نہیں دیا۔
انہوں نے کہا کہ ان کے موکل نے کراچی میں ریمانڈ بھی پورا کرلیا، اس لئے یہاں ضرورت نہیں، پوری ایف آئی اے ایک ہی ہے تو پھر اسلام آباد میں ریمانڈ کیوں لیا جارہا ہے۔
ایف آئی اے کے وکیل کا کہنا تھا کہ ملزمان سے جعلی ڈگریوں، جعلی کمپنیوں اور منی لانڈرنگ کی تفتیش کرنی ہے، 14 روزہ جسمانی ریمانڈ دیا جائے، عدالت نے ملزمان کو 7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کرتے ہوئے انہیں 3 جولائی کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ سماء