انکوائری کمیشن : پی ٹی آئی کے الزامات بے بنیاد قرار
اسٹاف رپورٹ
اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے دھاندلی اور اضافی بیلٹ پیپرز کے غلط استعمال سے متعلق تحریک انصاف کے الزامات بے بنیاد قرار دے دیئے، انکوائری کمیشن میں جمع کرائے گئے جواب میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف نے واضح الزامات لگائے نہ ہی کوئی شواہد پیش کئے، عام انتخابات شفاف اور غیر جانبدار تھے۔
الیکشن کمیشن نے انکوائری کمیشن میں جمع کرائے گئے تحریری دلائل میں کہا ہے کہ دھاندلی یا منظم دھاندلی ٹھوس شواہد سے ہی ثابت ہوسکتی ہے مگر اردو بازار سے بیلٹ پیپرز چھپوانے کے شواہد دیئے گئے نہ ہی یہ بتایا گیا کہ اضافی بیلٹ پیپرز کا غلط استعمال کس نے، کیسے، کب اور کہاں کیا؟، ریٹرننگ افسران کی جانب سے ووٹ ڈبوں میں بھرنے کے ثبوت بھی نہیں آئے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق فارم 15 کی گمشدگی اور تھیلوں کی سیلیں ٹوٹنا نااہلی تو ہے مگر بدنیتی نہیں، فارم 15 کی گمشدگی میں صوبہ خیبر پختونخوا پہلے، سندھ دوسرے اور پنجاب تیسرے نمبر پر ہے، جن حلقوں میں کم بیلٹ پیپرز چھاپے گئے وہاں فارم 15 زیادہ گم ہوئے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق تحریک انصاف انکوائری کمیشن کے سامنے دھاندلی کے الزامات اور اپنے تجویز کردہ گواہان سے دستبردار ہوئی، نادرا کی رپورٹس سے بھی دھاندلی ثابت نہیں ہوئی، بیلٹ پیپرز کی تعداد کے تعین کا اختیار آر او کو دینا قانونی تھا۔ سماء