کلبھوشن پر عالمی عدالت کا فیصلہ، پی پی پی رہنماء حکومت پر برہم
اسلام آباد : پيپلز پارٹی کی رہنماء شيری رحمان کلبھوشن کے معاملے پر عالمی عدالت کے فيصلے پر پاکستان حکومت پر شديد برہم نظر آئيں، کہتی ہیں ہماری تیاری ہی نہیں تھی، حکومت جیتا ہوا کیس ہار گئی، منظم طریقے سے کیس کو آگے لے جانا ہوگا۔
سماء سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی کی سینئر رہنماء شيری رحمان نے کہا کہ کلبھوشن یادیو کیس میں ہماری تیاری نہیں تھی، ہم جيتا ہوا کيس ہار گئے، حکومتِ پاکستان نے اقوام متحدہ میں قومی بیانیے میں کلبھوشن کا نام نہیں لیا۔
عالمی عدالت کے فیصلے کے بعد حکومت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کلبھوشن پر ہمارا مؤقف بالکل واضح ہے، اس مقدمے کیلئے کوئی خاص تیاری نہیں کی گئی، کلبھوشن یادیو عالمی جاسوس ہے، ہم نے کسی بھی فورم پر کلبھوشن کا نام نہیں لیا، بھارت نے عالمی عدالت میں اپنا جج مقرر کیا، آپ نے ایک جوان وکیل کو مقدمہ لڑنے کو دیا۔
میڈیا سے گفتگو میں وہ بولیں کہ کلبھوشن معاملے پر اسمبلی میں بھی کوئی واضح مؤقف نہیں دیا گیا، کلبھوشن پر ہمارا کیس بہت زیادہ مضبوط تھا، ہم پاکستان کا پرچم نیچے اور ملک کا وقار مجروح ہونے نہیں دیں گے۔ سماء